نیو یا ر ک 20 نومبر ( ایجنسیز) امریکہ میں وقت سے قبل ہی پڑنے والی غیر معمولی شدید برف باری اور طوفان نے اکثر ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے تاہم نیو یارک میں پڑنے والی برف باری نے تو تمام ریکارڈ ہی توڑ دئے ہیں اور اب تک8 افراد اسکا شکار ہوچکے ہیں جبکہ گاڑیوں میں پھنسے ہوئے متعدد افراد امداد کے منتظر ہیں۔ نیو یارک میں اچانک برفانی طوفان نے اکثر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے نظام زندگی منجمد ہوگیا جبکہ سینکڑوں لوگ مختلف مقامات پربرف میں پھنس گئے۔ امریکی نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ اگرچہ 50 فیصد ملک برف باری کی لپیٹ میں آگیا ہے لیکن نیو یارک میں غیرمعمولی برف باری نے نظٓام زنگی مفلوج کردیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز میں مزید برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ برف باری کے دوران مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہوگئی جن میں 6
افراد شدید سردی کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوئے جبکہ ایک شخص کار میں مردہ پایا گیا۔
حکام کے مطابق بفیلو میں اب تک 6 فٹ تک برف باری پڑچکی ہے جس کے باعث بفیلو نیاگرا انٹرنیشنل ایئر پورٹ بند کرنا پڑا جسے چند گھنٹوں بعد کھول دیا گیا تاہم شدید برفباری کے باعث کئی پروازوں کو منسوخ بھی کرنا پڑا،بفیلو کے میئر کا کہنا ہے کہ یہ گذشتہ 40 سال میں پڑنے والی سب سے شدید برف باری ہے۔ دوسری جانب برفباری سے متاثر ہونے والے شہر ایری کنٹری کے میئر کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جتنی برف پڑی اتنی پورے سیزن میں نہیں ہوئی اور اتنے کم وقت میں اتنی شدید برف باری کبھی نہیں دیکھی، ہر طرف برف ہونے کے باعث لوگوں کو سفر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بسیں اور کاریں کئی فٹ برف میں پھنس چکی ہیں۔